شرجیل میمن

ن لیگ والے اس وقت دعا کر رہے ہیں کہ الیکشن میں تاخیر ہو جائے،شرجیل میمن

کراچی(عکس آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمااور سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ ،ن لیگ والے دعا کر رہے ہیں کہ الیکشن میں تاخیر ہو جائے،زمینی حقائق کسی سے چھپائے نہیں جا سکتے ن لیگ کا زوال تب شروع ہوا جب نواز شریف واپس آئے۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ نواز شریف وی وی آئی پی پروٹوکول میں پاکستان پہنچے، لیکن زمینی حقائق آج کل کسی سے چھپائے نہیں جا سکتے، حقیقت یہ ہے کہ ن لیگ کا زوال تب شروع ہوا جب نواز شریف واپس آئے۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کی عوام میں پذیرائی اس وقت بہت ہی بری ہے، لوگ ان پر بالکل بھی بھروسہ نہیں کر پا رہے ہیں، وہ اس جماعت کو نا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے یہ سمجھا کہ 16 ماہ وہ وزیراعظم رہے جس سے یہ عوام تک پہنچ جائیں گے لیکن عوام کو ہر وقت بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے پہلے عوام کو زیادہ پریشانیاں ہوئیں لیکن ن لیگ کی پالیسیوں کی وجہ سے بھی وہ پریشان ہوئی۔ آج مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے جلسے کیے ہیں جب کہ نواز شریف نے اب تک ایک بھی جلسہ نہیں کیا ہے۔ ن لیگ والے اس وقت دعا کر رہے ہیں کہ الیکشن میں تاخیر ہو جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں