لاہور(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ن لیگ پارٹی قائد کی ہدایات کے مطابق مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں حصہ ضرور لے گی،سلیکٹڈ عمران نیازی کے اقتدار کے پہلے 13 ماہ تبدیلی نہیں تباہی ہوئی، پی ٹی آئی حکومت نے ایک سال میں 135 ارب ڈالر کا ملک کو نقصان،جی ڈی پی 330 ارب سے کم ہو کر 280 ارب تک پہنچ گئی ہے یعنی جی ڈی پی میں 50 ارب ڈالر کمی آئی ہے پہنچایا ہے،
عمران نیازی کی فاشسٹ حکومت سول آمریت کی بدترین شکل ہے،کشمیر کے مسئلہ پرعالمی برادری کو اب ہر صورت بیدار ہونا پڑے گا، عالمی برداری کو بھارت کے اقدام کا نوٹس لینا ہوگا۔بھارت کے اس غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ مودی سرکار کا یہ فیصلہ انسانی حقوق پر کھلم کھلا حملہ ہے، مودی سرکار کا یہ اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہواہے، بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے انحراف کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید توصیف شاہ،غزالی سلیم بٹ، چوہدری شہباز سمیرا امجد،ثمریہ نذیرچوہدری ،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جعلی اور سلیکٹڈ حکمرانوں نے انتشار کی سیاست کی وجہ سے قوم کو بھی منتشر کرنے کی کوشش کی ہے لیکن عوام مسئلہ کشمیر پر یک جان اور ایک آواز ہیں اور نالائق نیازی کے ساتھ نہیں بلکہ کشمیریوں کے ساتھ پوری یکسوئی کے ساتھ کھڑے ہیں ,احتساب کے نام پر تماشا ہو رہا ہے, نااہل حکومت چند مہینوں کی مہمان ہے، حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہے۔