مسرت جمشید

(ن) ،پی پی کا وطیرہ ہے یہ کرپشن میں سہولت کاری کرنے والوں کو پر کشش عہدوں سے نوازتے ہیں’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( عکس آ ن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا وطیرہ ہے کہ یہ کرپشن میں سہولت کاری کرنے والوں کو تاحیات پر کشش عہدوں سے نوازتے رہتے ہیں ،انہوںنے ملک کی سیاست کو ہی نہیں سارے نظام کو بوسیدہ کر دیا ہے ،پاکستان نے آئندہ دو برسوںمیں73ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرنی ہیںجبکہ ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر صرف 4ارب ڈالر رہ گئے ہیں اوران میں بھی روزانہ کی بنیاد وںپرکمی ہورہی ہے ،امپورٹڈ ٹولے نے اپنی سیاست کو تقویت دینے کے چکر میں ملک کو ڈیفالت کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پیداواری سیکٹر بند ہو رہاہے ، برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پرکمی ہو رہی ہے لیکن یہ کرپشن کیسز معاف کرنے والو ں کو نوازنے میں لگے ہوئے ہیں،ان کا طریقہ واردات ہے کہ یہ کرپشن میں سہولت کاری کرنے والوں کو پر کشش عہدوں سے نواز کر مزید کرپشن کرنے کیلئے راستے بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ انتخابات سے راہ فرار اختیار کر کے عوام کو فیصلے کا حق بھی نہیں دے رہا ،شفاف انتخابات کے ذریعے آنے والی مضبوط حکومت ہی ملک کو موجودہ حالات سے نکال سکتی ہے ۔یہ عام انتخابات میں تاخیر کے ذریعے اندھے کنویں میں گری اپنی سیاست کو ریسکیو کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ قوم عمران خان کے شانہ بشانہ ہے ان شا اللہ وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومتیں بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں