اسلام آباد(عکس آن لائن ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا )نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 56 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ایک روپے 73 پیسے بڑھانے کی درخواست کی تھی، چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروق کی صدارت میں درخواست پر سماعت ہوئی۔
نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 56 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ،بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 14 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔اضافے کی منظوری اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔۔نیپرا کے مطابق بجلی کے نرخوں میں اضافے سے صارفین پر 14 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اضافہ اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جس میں پانی سے 25.48 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 12.17 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 25.41 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ اکتوبر میں ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی پیدا نہیں کی گئی۔
نیپرا حکام نے دعوی کیا ہے کہ کمپنیوں کی نقصانات کے حوالے سے کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔چیئرمین نیپرا کا کہنا ہے کہ جتنا زوربجلی پیداکرنے پرلگایا اتنا اس کی ترسیل پہ لگاتے تومسائل نہ ہوتے، کے الیکڑک پلانٹ لگارہا مگراین ٹی ڈی سی بجلی کی ترسیل کا معاہدہ کرنے کو تیار نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم ہرطرح سے صارفین کو دبا رہے ہیں کہ سانس ہی نہ لے سکیں، صارفین نے 960 میگاواٹ کے سولر پینل لگالئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو صارفین برداشت کرسکتے ہیں وہ سسٹم سےنکل رہے ہیں، بجلی صارفین اب سولر پینلزلگا رہے ہیں، میں جب سے آیا ہوں یہی دیکھ رہا ہوں کہ بجلی کی قیمت بڑھ رہی ہے، کبھی تو ایسا ہوکہ سی پی پی اے بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست کرے۔