نیوکلیئر ڈیل

نیوکلیئر ڈیل توڑنے پر امریکا کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، ایران

تہران (عکس آن لائن)ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نیوکلیئر ڈیل توڑنے پر امریکا کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو لکھے گئے خط میں کہا کہ لاقانونیت ساکھ کو متاثر اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بنتی ہے۔

جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ نیوکلیئر ڈیل توڑنے پر امریکا کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیوکلیئر ڈیل کے حوالے سے امریکا کا دیگر رکن ممالک پر دباؤ کا بھی نوٹس لیا جائے۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے یورپی یونین کے امور خارجہ کے نمائندے کو بھی ٹیلی فون کر کے نیو کلیئر ڈیل کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018 میں ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم یورپی یونین نے معاہدے کی پاسداری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکا کے بغیر جوہری توانائی کے معاہدے کو جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کبھی بھی نیوکلیئر ڈیل کے معاہدے سے مخلص نہیں تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں