ویلنگٹن (عکس آن لا ئن) نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کے ملک میں کورونا کی روک تھام کے لیے دنیا کا سب سے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس کی وجہ سے ملک میں کچھ وقت سے کورونا کاکوئی ٹیسٹ رپورٹ نہیں ہوا جب کہ آخری کیس 22 مئی کو رپورٹ کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن نے ملک میں کورونا کی روک تھام کے لیے نافذ کی جانے والی پابندیوں کو آج رات سے مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کورونا کی روک تھام کے لیے 75 روز قبل سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا لیکن اب عالمگیر وبا کے درمیان ملک میں زندگی عام معمولات کی طرح محسوس ہورہی ہے۔وزیراعظم جیسنڈا نے اعلان کیا کہ آج کابینہ کی اجازت کے بعد ملک کو لیول ون کی طرف لے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اس دوران بین الاقوامی سرحدیں بند رہیں گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ ہم نے ایک سنگ میل عبور کیا ہے جس کے لیے عوام کی شکر گزار ہوں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں کورونا کے کل 1504 کیسز سامنے آئے اور 22 ہلاکتیں ہوئیں۔