وزیراعظم

نگراں وزیر اعظم کا 16ویں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب

تاشقند (عکس آن لائن)نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، جو ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقد ہونے والے 16ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نے جمعرات کوسربراہی اجلاس سے خطاب کیا۔

اپنی تقریر میں وزیراعظم نے علاقائی ترقی کے لیے ای سی او کے وژن کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی انفراسٹرکچر کی ترقی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او کی راہداریوں پر مبنی حکمت عملی علاقائی رابطوں کو بڑھانے کے لیے اہم ہے۔ ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹی ٹی ایف اے)اور اسلام آباد۔تہران۔استنبول ریل اور روڈ کوریڈور جیسے منصوبوں سے پورے خطے کی اقتصادی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل اور مہلک بمباری کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے بڑھتی ہوئی عدم رواداری، زینو فوبیا اور اسلامو فوبیا پر بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دیتے ہوئے اسلامو فوبیا کے گھنائونے اضافہ کے خلاف سیاسی اور قانونی مزاحمت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں