عام انتخابات

نگران وزیراعظم کا تقرر‘ صدر کا اختیار اور وقت ختم ہو گیا

اسلام آباد (نمائندہ عکس) نگران وزیراعظم کے تقرر کے معاملے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اختیار اور وقت ختم ہو گیا ہے۔ صدر مملکت، جسٹس ریٹائرڈ گلزار احمد کے نام پر عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان اتفاق رائے کرانے میں ناکام رہے۔اب آٹھ رکنی پارلیمانی کمیٹی نگران وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کا انتخاب بھی عمران خان اور شہباز شریف ہی کرینگے۔

پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی تعداد چار، چار ہوگی۔آٹھ اراکین قومی اسمبلی سے یا چار سینیٹ اور چار قومی اسمبلی سے لیے جا سکیں گے۔ وزیراعظم اور شہباز شریف اب نگران وزیراعظم کے لیے دو، دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے نگران وزیراعظم کے معاملے پر صدر مملکت کے خط کا جواب دیتے ہوئے مشاورت سے انکار کر دیا ہے۔شہباز شریف کی جانب سے صدر مملکت کو لکھے گئے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ ا?پ نے مجھے دو خط لکھے جس میں نگران وزیراعظم کے لئے چیف جسٹس ریٹائرڈ گلزار احمد کا نام بھی دیا تاہم سپریم کورٹ نے اس سارے معاملے پر ازخود نوٹس لے رکھا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے جوابی خط میں موقف اپنایا کہ آپ سپریم کورٹ کے حکم امتناع کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ آپ جتنی مشاورت کر رہے ہیں، یہ سب قانون اور عدالتی احکامات کی خلاف وزری ہے، اس لئے میں اس مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بن سکتا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 3 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی کو تحلیل کر دیا تھا۔ اس کے بعد صدر مملکت نے نگران وزیراعظم کے لئے مشاورت کی غرض سے شہباز شریف اور عمران خان کو خطوط لکھے تھے۔صدر مملکت نے دونوں رہنماﺅں کے نام لکھے گئے اپنے خطوط میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے 3 دن کے اندر کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہوا تو دونوں شخصیات 2، 2 نام کمیٹی کو بھیجیں گی۔خط میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف نگران وزیراعظم کے لئے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوتے تو سپیکر قومی اسمبلی آٹھ اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی بنائیں گے، جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان شامل ہوںگے جبکہ کمیٹی سابق قومی اسمبلی ارکان اور سینیٹ ارکان پر مشتمل ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں