بلاول بھٹو

نوے روزمیں سب اچھا کردینے والے عمران خان کچھ نہ کرسکے، بلاول بھٹو

کراچی(عکس آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ 90 روز میں سب اچھا کردینے والے عمران خان آج 33 ماہ اور 11 دن گزرنے کے بعد بھی کچھ نہ کرسکے،اگلے 813 دنوں میں بھی وہ کچھ نہیں کرسکیں گے،تین سالوں میں چوتھا سیکریٹری تجارت بھی بدل دیا، عمران خان عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہوگئے۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس کی معاشی پالیسیاں عوام دوست ہیں، مستقبل میں نوجوانوں کواگرکوئی روزگارفراہم کرسکتا ہے تو وہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے، آج وقت نے پھر ثابت کردیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی اورزرعی پالیسیاں ملک کے بہترین مفاد میں رہی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تین سالوں میں تیسرا مشیرخزانہ لے آئے، ایف بی آر کے چار اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے تین چیئرمین بدل دئیے مگرعمران خان معیشت میں سدھار نہ لاسکے، تین سالوں میں چوتھا سیکریٹری تجارت بھی بدل دیا مگر عمران خان عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہوگئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! ملکی معیشت کسی کو ہٹانے یا لگانے سے بہتر نہیں ہوتی بلکہ قائدانہ صلاحیتوں سے ملک آگے بڑھتا ہے، عمران خان کے ٹیم ورک کا یہ عالم ہے کہ معاشی ٹیم ایک دن فیصلہ کرتی ہے اور اگلے دن کابینہ اس فیصلے کو مسترد کردیتی ہے۔ بلاول نے کہا کہ تین سالہ اقتدارنے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کردیا، عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان کو تبدیلی کے نام پر دھوکا دینے کی کوشش کی گئی، 90 روزمیں سب اچھا کردینے والے عمران خان آج 33 ماہ اور11 دن گزرنے کے بعد بھی کچھ نہ کرسکے اور اگلے 813 دنوں میں بھی وہ کچھ نہیں کرسکیں گے، سائیکل والے وزیراعظم کے قصے سنا کرعمران خان نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی اورملک کا مستقبل دا پرلگادیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں