اشرف بھٹی

نوٹسز کا اجراء کارکر دگی کا پیمانہ نہیں ہونا چاہیے، نئے ٹیکس گزار تلاش کئے جائیں ‘ مرکزی صدر اشرف بھٹی

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدراشرف بھٹی نے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کوبے دریغ نوٹسز کے اجراء کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ٹیکس گزاروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے مہم چلائی جائے ، اگر ٹیکس دہندگان کوشک کی نگاہ سے دیکھنے کی پالیسی ترک نہ کی گئی تو اس کے انتہائی منفی نتائج برآمدہوں گے اور اس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ،سینئر نائب صد رنعیم بادشاہ،شہزاد بھٹی، خواجہ ندیم، رفعت سلیم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ ادارے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے عمل کو فروغ دیں تو مسائل پر قابو پا یا جا سکتا ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت تاجروں کی مشکلات میں کمی کرے ،ملک بھر کے لاکھوں تاجر ہیجان کی کیفیت کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ،حالات کو سازگار کرنے کیلئے مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جائے کیونکہ اس کے بغیر معاشی سر گرمیاں فروغ نہیں پا سکتیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ٹیکس دہندگان کو شک کی نگاہ سے دیکھنے کی پالیسی کو بھی ترک کیا جائے ، ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے کیلئے تمام محاذ یکمشت کھولنے کے مثبت نتائج حاصل نہیں ہو سکتے ۔اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے ، ایسا نظام ہونا
چاہیے کہ ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں اور ٹیکس دہندگان کا آمنا سامنا کم ہو تاکہ خوف و ہراس کی فضاء نہ پھیلے ، آٹو میشن کا جدید نظام لایا جائے جس سے کرپشن کا راستہ بھی رکے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں