زرتاج گل

نوجوانوں کو مضبوط کرنے کے لیے کامیاب نوجوان پروگرام شروع کیا ، پروگرام سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہارکاموقع ملے گا

ملتان (عکس آن لائن)وزیرمملکت برائے موسمیاتی تغیرات زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مضبوط کرنے کے لیے کامیاب نوجوان پروگرام شروع کیا ہے جس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہارکاموقع ملے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وومن یونیورسٹی ملتان میں منعقدہ وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ 2018ء کے انتخابات میں تمام نوجوانوں ،ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں نے بلے کو ووٹ دیا۔پی ٹی آئی کو الیکشن جتوانے میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے کہ نوجوانوں کو ڈگری دینے کے ساتھ ساتھ انہیں ہنرمند بھی بنایا جائے تاکہ وہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد نوکریاں تلاش نہ کریں بلکہ ڈگریوں سے استفادہ کرتے ہوئے خود کاروبارشروع کریں اسی لیے ہم نے ہمدرد پروگرام بنایا ہے جس سے آپ ہنرحاصل کرسکیں گے۔وزیرمملکت نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کووزارت میں انٹرن شپ دی جائے تاکہ وہ جب بھی کہیں کام یا نوکری کریں تووہ دفتری امور سے واقف ہوں۔اسی طرح نوجوانوں کو تمام جگہوں پر کاروبار کرنے کیلئے کم مارک اپ پر قرضے دیئے جائیں گے۔ قرضے کا سود پانچ فیصد سے بھی کم ہوگا۔ہم نے گرین یوتھ پروگرام بنایا ہے جس سے ماحول صاف ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے ملک پر 31ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھادیا ہے۔ آنے والی نسلوں کو محتاج بنانے کی کوشش کی گئی ۔تین بار حکومت میں رہنے کے باوجود قوم کو مقروض بنادیا۔

15برسوں میں بے روزگاری کی فوج جمع کردی گئی لیکن ہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو جنت کانمونہ بنائیں گے۔ یو این اوپی کے مطابق دنیا میں سب سے ذہین نوجوان پاکستان کے ہیں اس لیے ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو پالیسیاں دی جائیں تاکہ ان کو قومی دھارے میں لایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ پروگرام کیلئے 100ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ نوجوانوں کوامپاور کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کی لانچنگ کیلئے وومن یونیورسٹی کاانتخاب اس لیے کیاگیا ہے تاکہ لڑکوں کے ساتھ لڑکیاں بھی اس پروگرام سے مستفید ہوں۔ انہوں نے وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی سے کہاکہ آپ اور آپ کی فیکلٹی ٹیم ہمیں سفارشات بنا کردیں جس کے تحت ہماری حکومت ان بچیوں کوسپانسر کرے گی۔

یونیورسٹی کے پروگرامز ایسے بنائے جائیں کہ بچیوں کوفنی مہارت مل سکے۔ میں چاہتی ہوں کہ بچیاں خود مختار ہوں ۔کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائیں۔انہوں نے کہاکہ تمام بچیوں کوچاہیے کہ اپنی حفاظت خود کریں۔اگر کوئی آپ کو سوشل میڈیا پر بلیک میل کرے تو فوراً اپنے والدین کوبتائیں اور متعلقہ اداروں کورپورٹ کریں۔ چائلڈ ریپ اینڈ کلنگ کی کڑی سزاہونی چاہیے ایسے مجرموں کوسرعام چوراہوں پر پھانسیاں دی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام نے خواتین کو معتبر مقام دیا ہے تو کوئی کیسے ہم سے عزت چھین سکتا ہے۔دوران تقریب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے وڈیو لنک پیغام میں کہا کہ وویمن یونیورسٹی کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اس پروگرام کا آغاز ملتان سے ہو ا۔ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کو ترقی دینی ہے۔کامیاب جوان کا ویژن ملک کے نوجوانوں کو ا انٹرپرنیورشپ ماحول فراہم کرنا ہے ۔نوجوانوں کونوکری تلاش کرنے والے کی بجائے نوکری دینے والا بنائیں گے ۔اس پروگرام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طالبات اپنا پروگرام شروع کرنے کے قابل ہوں گی۔یہی نوجوان پاکستان کو اوپر لے کر جائیں گے۔وزیراعظم کا ویژن ہے کہ کامیاب جوان ہی کامیاب پاکستان ہے۔

ایم این اے ملک احمد حسین ڈیہڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جنہوں نے 100 بلین کی رقم نوجوانوں کے لیے مختص کی ہے۔ہم پاکستان میں نوکریاں دیں گے۔انڈسٹری کو بہتر بنا رہے ہیں ۔5 سال کے اندر پاکستان کو جنت کا نمونہ بنائیں گے۔تقریب میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر آصف علی، وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی ،سی ای او ایڈونچر حسن سید، ایم پی اے شاہدہ ملکہ نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں