لندن ( عکس آن لائن)برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ کو استعفا پیش کرنے کیلئے اسکاٹ لینڈ روانگی سے قبل ڈائوننگ اسٹریٹ میں الوداعی خطاب کیا۔بورس جانسن نے خطاب میں کہا کہ نئی وزیراعظم لزٹرس کو میری حمایت حاصل رہے گی،میں نے بوسٹر راکٹ کی طرح اپنا کام مکمل کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ میری حکومت نے بریگزٹ کاعمل مکمل کیا، یورپ بھرکی نسبت برطانیہ میں کورونا کی تیزی سے ویکسین لگی، یوکرین کو ہتھیاروں کی سپلائی میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کا بحران پیدا کرکے روسی صدر پیوٹن ہمیں بلیک میل نہیں کرسکتے، ٹوری حکومت عوام کو اس بحران سے نکال لے گی۔واضح رہے کہ اسکینڈلز سامنے آنے پر اپنی جماعت کے مطالبے پر بورس جانسن نے7 جولائی کو وزارت عظمی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔گزشتہ روز لِز ٹرس کو برطانیہ کی نئی وزیراعظم منتخب کرلیاگیا ، انہوں نے پارٹی لیڈر منتخب ہونے کی دوڑ میں اپنی ہی پارٹی کے رشی سونک کوشکست دی۔