لاہور(عکس آن لائن)انصاف ویلفیئرونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مینار پاکستان جلسہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست کے لئے بوجھ بن گیا اوراپوزیشن جماعتیں ناکامی کے آفٹر شاکس بھی محسوس کر رہی ہیں،
وزیر اعظم عمران خان نے اپنی لازوال جدوجہد سے کئی دہائیوں سے سیاست کی چمپئن کہلانے والی جماعتوں کو بالآخر اپنی سیاست کا طرز عمل تبدیل کرنا پڑے گا اور ان جماعتوں کے اندر سے بھی اب کرپشن کیخلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد کے مینا رپاکستان جلسے کی میزبان جماعت اپنی زبانی تسلیم کر رہی ہے کہ مینار پاکستان جلسے کی ناکامی نے ان کی سیاست کو نقصان پہنچایا ہے ۔
کسی مثبت کاز کیلئے شروع کی جانے والی تحریکوں کے کبھی سائیڈ افیکٹ نہیں ہوتے لیکن ذاتی مفادات اور خواہشات کیلئے شروع کی گئی تحریکیں ہمیشہ ناکام ہوتی ہیں۔ مینار پاکستان کا ناکام جلسہ پی ڈی ایم کی سیاست کیلئے بوجھ بن گیا ہے جس کا انہیں اب احساس ہو رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جدوجہد کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور غریب اور امیر کیلئے قانون کا یکساں نفاذ کرنا ہے اور اس جانب پیشرفت کی جارہی ہے ۔