مراد علی شاہ

میری خواہش ہے کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا ہو، وزیراعلی سندھ

کراچی (عکس آن لائن)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا ہو، یہاں کے عوام جسے چاہیں گے وہی میئر آئے گا، جو بھی میئر بنے گا ہم اس کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ایم کیوایم الیکشن میں حصہ لیتی تو ہمیں مزید سیٹیں ملتیں۔

وزیراعلی مراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا انتظام ایک جیالے نے سنبھالا تو فرق نظر آیا، جو بھی میئر بنے گا اس کے ساتھ کام کریں گے، جو بھی میئر بنے رونا دھونا شروع نہ کردے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیف سٹی ہے اس کے نتائج نہیں آئے، دوچار کیمرے لگانے سے سیف سٹی نہیں بن جاتی، نام کی سیف سٹی نہیں بنانا چاہتے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے کہا تھا مرحلہ وار انتخابات کروالیں، ایم کیوایم کو انتخابات میں حصہ لینے کا کہا تھا، ایم کیو ایم الیکشن میں حصہ لیتی توہمیں مزید سیٹیں ملتیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے زیادہ پرامن الیکشن نہیں ہوئے، انتخابات کے آئندہ مرحلے کے لیے تیار ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا، سیلاب کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر ہوئی تھی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے سب کے گھر بنانے کاوعدہ نہیں کیا، سیلاب متاثرین کے سر پر چھت نہیں، انکو 20 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، کئی منصوبے تعمیر ہونگے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پشاور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ملکی استحکام کے لیے دہشت گردوں کو شکست دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمیں کامیابیاں بھی ملی ہیں۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی دہشت گردی کا نشانہ بنی ہے، ہم دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں