بلاول بھٹو

مہنگائی، بے روزگاری، غربت، ڈالر اور کرپشن کے بعد عمران خان نے تیل کی قیمتوں کو بھی ریکارڈ سطح پر پہنچا دیاہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی(عکس آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے، قبول نہیں کریں گے، کم از کم اقتدار کے آخری دنوں میں تو عمران خان کو پاکستان کے غریب عوام پر ترس کھانا چاہیے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، غربت، ڈالر اور کرپشن کے بعد عمران خان نے تیل کی قیمتوں کو بھی ریکارڈ سطح پر پہنچا دیاہے،جاتے جاتے عمران خان نے عوام پر مہنگائی کی بمباری تیز کردی ہے، سی این جی سٹیشنز بھی تین ماہ سے بند ہیں، تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافہ کرے گا، پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں اشیائے خور و نوش کے نرخ عوام کی پہنچ سے بالکل بھی باہر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ تو پہاڑ جتنا اور کمی چیونٹی جتنی بھی نہیں کی جاتی،عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے پر تو پاکستان میں تیل کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے، لیکن کم ہونے پر کمی نہیں لائی جاتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں