ترک صدر

مہاجرین کے ساتھ نازیوں والا سلوک کیوں؟ ترک صدر کا سوال

انقرہ(عکس آن لائن)ترک صدر نے یونانی سرحدی محافظوں پر الزام عائد کر دیا ہے کہ وہ ترکی سے یورپی یونین داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کو واپس دھکیلنے کے لیے نازیوں والا طریقہ کار اختیار کیے ہوئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایروآن نے کہا کہ یونانی ساحلی محافظ مہاجرین کے ساتھ انتہائی برا اور ناروا سلوک اختیار کیے ہوئے ہیں۔ دارالحکومت انقرہ میں واقع پارلیمان میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ویسا ہی سلوک ہے، جیسا ماضی میں نازیوں نے کیا تھا۔ترک صدر نے پارلیمان میں ایسی ویڈیوز دکھائیں، جن میں یونانی سرحدی محافظ مہاجرین کو واپس دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہاکہ یونانی سرحد پر فلمائے گئے ان امیجز اور نازیوں نے جو کچھ کیا تھا، ان میں کوئی فرق نہیں۔

انہوں نے ایتھنز حکومت پر زور دیا کہ وہ ان مہاجرین کو یورپی یونین کے امیر ممالک میں داخلے کی اجازت دے۔ایردوآن نے یونانی حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہاکہ آپ ان (مہاجرین) کو کیوں روک رہے ہیں اور ان کے خلاف نازیوں کی طرح سلوک کیوں کر رہے ہیں؟۔ ترک صدر نے یونانی سرحدوں پر مہاجرین کے ساتھ مبینہ ابتر سلوک کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں