فیصل آباد (عکس آن لائن):کاشتکاروں کو ڈرل سے کاشتہ بہاریہ مکئی کی چھدرائی اور2 سے3 مرتبہ گوڈیاں کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار چھدرائی کے بعد صحت مند پودوں کا درمیانی فاصلہ قسم کے لحاظ سے 6 سے7انچ رکھیں اور بمپر کراپ کے حصول کیلئے منظور شدہ ہائبرڈ اقسام ایف ایچ 810، یوسف والا اور دیگر دوغلی اقسام کی کاشت کو ترجیح دی جائے تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یاپریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادڈاکٹر خالد اقبال نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی کاشت رواں ماہ فروری کے آخر تک مکمل کرسکتے ہیں تاہم انہیں وقت کاشت، شرح بیج اور کھادوں کے استعمال کاخاص خیال بھی رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی کاشت سنگل رو کاٹن ڈرل یا ٹریکٹر ڈرل سے بھی کرسکتے ہیں جس کیلئے قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا 2 سے اڑھائی فٹ ہوناچاہیے اور ہائبرڈ اقسام کو شمالا جنوبا بنائی گئی وٹوں کی ڈھلوان پر پانی لگانے کے فورا بعد 6سے8انچ کے فاصلہ پر کاشت کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ وٹوں پر کاشت کی صورت میں کاشتکار شرح بیج 8سے10کلوگرام اور ڈرل سے کاشت کی صورت میں 12 سے 15 کلوگرام فی ایکڑ رکھیں۔