اشرف بھٹی

مڈل کلاس طبقے کی قوت خرید میں 50سے60فیصد کمی آئی ہے ،عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ‘ اشرف بھٹی

لاہور/سیالکوٹ/گوجرانوالہ( عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کی مجوزہ سمری ارسال کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم کی قیمتوںمیں ردو بدل کیلئے 15روزہ فارمولے کو ختم کرے ، حکومت عوام پر بلا تعطل پیٹرولیم ،بجلی اور گیس کی قیمتوںمیں اضافے کے بم برسا رہی ہے جس سے ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور ان کے اندر پکنے والا لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے تاجر رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، نعیم بادشاہ، شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت حقائق پر مبنی سروے کرائے تو حالیہ سالوںمیں مڈل کلاس طبقے کی قوت خرید میں 50سے60فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور مہنگائی کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ممکن نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ رواں ماہ کے اگلے دو ہفتوںکیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مجوزہ سمری کو واپس کیا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے ، حکومت اس سے قبل مسلسل پانچ بار قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اسی رفتار سے اضافہ کیا جارہا ہے ۔اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو تاجر بھی اپنا کاروبار بند کر کے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں