گوجرانوالہ(نمائندہ عکس آن لائن) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محسن رضا خاںنے کہا ہے کہ حالیہ مون
سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کےلئے تمام فیلڈ افسران زیادہ مستعد اور متحرک رہیں اور فیلڈ میں موجود
کمپلینٹ سنٹرز کی تینوں شفٹوں میں سامان سٹاف اور گاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے جبکہ سینئر افسران کمپلینٹ سنٹروں کی
مسلسل مانیٹرنگ کرتے رہیں تاکہ صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایت کا فوری ازالہ ممکن ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو
ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ آن لائن کچہری کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل مینجرآپریشن محمدلطیف مُغل،
جنرل مینجر ٹیکنیکل محمد اکرم بھٹی، ایڈیشنل ڈی جی اورنگزیب ملہی، منیجرز طارق صدیقی، سیف اللہ سورانی، میاں محمد عرفان
موجود تھے جبکہ ایس ای سٹی سرکل محمد بشیر،ایس ای کینٹ محمد رمضان بٹ، ایس ای سیالکوٹ حاجی محمد اشرف، ایس ای نارووال
شبیر بٹ اور ایس ای گجرات معظم فضل، متعلقہ ایکسیئنز و دیگرنے بذریعہ ویڈیولنک آن لائن کچہری میں شرکت کی۔
چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر کرونا وبا کے باعث پیدا ہونے والے حالات میں صارفین کی بجلی
سے متعلقہ شکایات کے فوری اوراُن کی دہلیز پر ازالہ کیلئے آن لائن کچہریوں کا جوسلسلہ شروع کیا گیا ہے اس سے نہ صرف
صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایاے حل کرنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ اس سے محکمہ اور صارفین کے درمیان اعتماد کا
رشتہ بھی مزید مستحکم ہو رہا ہے۔آن لائن کچہری کے دوران گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاولدین، حافظ آباد اور
نارووال اضلاع کے درجنوں صارفین نے بجلی سے متعلقہ اپنے مسائل بیان کئے جن میں ٹرانسفارمرز کی تبدیلی،نئے کنکشنز،
تاروں کی تبدیلی،جرمانہ معافی،بجلی بلوں کی،خراب میٹروں کی تبدیلی، چھتوں سے تاروں کی منتقلی،زیادہ استعداد کے ٹرانسفارمروں
کی تنصیب اورنئی آبادیوں کو بجلی مہیا کرنے جیسے مسائل کے حل کے لئے چیف ایگزیکٹو نے موقع پر احکامات جاری کئے۔
انجینئر محسن رضا خاںنے کہا کہ لائن سٹاف کام کے دوران سیفٹی اصولوں کی سختی سے پاسداری کریں اور پبلک سیفٹی پر
خصوصی توجہ دیںاس سلسلہ میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سب
ڈویژنوں میں ایمرجنسی ٹرانسفارمر زڈولیوںپر رکھے ہوئے ہوں اور اُن پر جمپرز بھی موجود ہوں تاکہ کہیں بھی ٹرانسفارمر جلنے
یا کسی بھی دوسری صورت میں بجلی کی کم سے کم وقت میں بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ایس ڈی اوز
اپنے اپنے علاقوں کے غیر معمولی اور مشکوک صارفین کے رجسٹر بنائیں اور ان کی ماہانہ بجلی کی کھپت کا تجزیہ کریں اور
گا ہے بگاہے ذاتی طور پر بھی ایسے صارفین کی چیکنگ کیا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نادہندہ صارفین اور بجلی چور وں سے
کسی صورت رعایت نہ کی جائے اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ افسران سیٹ پر بیٹھ کر صارفین کےلئے آسانیاں پیدا کریں ،24گھنٹے اپنے موبائل فونز اان رکھیں،
عوام الناس کے ساتھ اپنا رویہ شائستہ رکھیں اور جو کوئی آپ کے پاس آئے اس کا جائز مسئلہ حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔