کراچی (عکس آن لائن)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا پڑوسی ملک افغانستان کا دورہ بروقت اورلائق تحسین ہے،اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں جس کے نتیجے میں تجارت بڑھے گی جبکہ دہشت گردی میں کمی واقع ہوگی،
افغان طالبان کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے لئے افغان سرزمین کو استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں مولانا فضل الرحمن کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا گیا ہے انہیں بھرپور پروٹوکول دیا جا رہا ہے افغان وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے ان کی ملاقاتیں ہوئی ہیں، ان ملاقاتوں میں اہم افغان وزراء بھی شامل تھے۔
توقع ہے کہ مولانا فضل الرحمن قندھار جا کر طالبان کے امیر سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملک بھرکی عوام اور کاروباری برادری افغان قیادت کی جانب سے یقین دہانیوں کے مثبت نتائج دیکھنے کی منتظر ہے۔ اگر ایسا ہوگیا تو دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر ہوجائیں گے، سیکورٹی کی مد میں اربوں روپے بچیں گے، عوام سکھ کا سانس لے گی، بارڈر ٹریڈ سے وابستہ افراد کی کاروباری حالت بہتر ہوجائے گی اور عالمی سطح پر بھی دونوں ممالک خطے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کر سکیں گے۔
میاں زاہد حسین نیمزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین غلط فہمیاں دور کرنے کے لئے دیگرعلماء کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن واستحکام کو یقینی بنایاجا سکے جس کے بغیر نہ دونوں ممالک کے تعلقات مثالی ہوسکتے ہیں اور نہ دونوں ممالک کی معیشت کی ترقی کی رفتار تیزہوسکتی ہے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت سست روی سے بہتر ہورہی ہے.
مگر اب بھی بہت کمزور ہے اور شاک برداشت کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی مگر اسکے باوجود بعض سیاستدان پوری تندہی سے سیاسی افراتقری کی کوششوں میں مگن ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے لئے کوئی چیز سیاسی اور اقتدار سے اہم نہیں ہے۔ کوئی پٹرول اور بجلی سستی کرکے شہرت کمانا چاہتا ہے تو کوئی روپے کو مصنوعی طور پر مضبوط کرنے کی کوشش میں معیشت کا بیڑا غرق کرنا چاہتا ہے۔ ایسے سیاست دانوں کی نیت معیشت کو بہتر بنانے کے بجائے عوام کو بے وقوف بنانا ہوتی ہے، اس قسم کی سیاست نے ملک کی بنیادیں ہلا ڈالی ہیں۔