بلاول بھٹو زرداری

موسمی تبدیلی کے باعث پاکستان خطرے میں ہے، بلاول بھٹوزر داری

اسلام آباد (عکس آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان خطرے میں ہے،حکومت ملی تو وفاق کی 17 وزارتیں بھی ختم کردیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ عوامی معاشی معاہدے کو میں نے ماہرین کے ساتھ مل کر خود تیار کیا ہے، ہمیں لگتا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان واقعی خطرے میں ہے، اس مسئلے کے بارے میں پاکستانیوں کو سمجھانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد ہمیں اس مسئلے کی سنگینی کی سمجھ آئی، جو گلگت بلتستان سے ہیں انہیں یہ بات معلوم ہوگی کہ کرہ ارض پر کہیں بھی برف کا سب سے بڑا ذخیرہ پاکستان کے ہمالیہ کے علاقے میں ہے، جب یہ برف پگھلے گی تو اس کا نقصان لوگوں کو ہوگا، ہمیں پوری دنیاکے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم نے یہ سوچا اور سمجھا کہ جو روایتی طریقے کار ہیں اس ملک میں اشرافیہ کو نوازنے کے وہ ناکام ہوگئے ہیں، ہمیں اب براہ راست غریب کی مدد کرنی ہوگی۔سابق وزیر خارجہ نے بتایا کہ ہم اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے، پسماندہ طبقات کو ریلیف دینے کے لیے رقم فراہم کریں گے، حکومت ملی تو وفاق کی 17 وزارتیں بھی ختم کردیں گے۔

انہوںنے کہا کہ ہم جن مشکل معاشی حالات سے گزر رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، ہمیں ترقیاتی کاموں پر رقم خرچ کرنی پڑے گی، ہمارا یہ ارادہ ہے کہ ہم پاکستان کے ترقیاتی ڈھانچے کی تعمیر نو کریں اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا تمام ترقیاتی کام اس لحاظ سے کریں کہ ہم موسمی تبدیلیوں کو برداشت کرسکیں۔

انہوںنے کہاکہ میں نے 18 مہینے حکومت میں گزارے ہیں، میں جانتا ہوں اسلام آباد کی بیوروکریسی کی ذہنیت کیا ہے وہ یہ ہے کہ نا وہ خود کچھ کرنا چاہتے ہیں اور نا کسی کو کچھ کرنے دینا چاہتے ہیں، اور کچھ ایسی طاقتور لابیز ہیں جو معاشرے اور حکومت پر اثر انداز ہوتے ہیں اور کوئی بھی حکومت یہ فیصلہ کرے کہ ہم ان کی وزارتیں ختم کردیں گے تو ایک طاقتور رد عمل آئے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ میری نئی سوچ ہے میں اسی کو بتانا چاہتا ہوں، یہ میرا کیس ہے آپ کے سامنے کہ مسائل بہت ہیں لیکن بڑے مسئلوں کے لیے سادہ حل نکالے جاسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں