چوہدری محمدسرور

موجودہ حالات میں جلسے ملک میں کورونا کو فروغ دیں گے ،اپوزیشن ضد کی سیاست چھوڑ دے ‘چوہدری سرور

لاہور(عکس آن لائن ) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ضد کی سیاست چھوڑ دیں کیونکہ موجودہ حالات میں جلسے ملک میں کورونا کو فروغ دیں گے اور ملک ایسے حالات کا متحمل نہیں ہوسکتا ،حکومت کسی جلسے سے جانے والی نہیں اور نہ ہی ہمیں اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں سے کوئی خوف ہے ،اپوزیشن کے پاس عام انتخابات کے انتظار کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، بھارت اَمن کا دشمن ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم بھارتی عزائم کو پوری دُنیا میں بے نقاب کر رہے ہیں۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں تحر یک انصاف کے مختلف اضلاع سے آنیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ بڑی مشکل سے ملک کی سمت کو درست کیا ہے اِن حالات میں اگر سیاسی مخالفین اپنے سیاسی مقاصد کے لئے ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی سازش کریں گے تو یہ کسی بھی صورت ملک و قوم کی خدمت نہیں ہوگی اس لئے سیاسی مخالفین کو ایک بار پھر کہتے ہیں کہ وہ حکومت کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور حکومت کی راہ میں روڑے نہ اٹکائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم سیاسی نہیں بلکہ قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے تمام فیصلے کررہے ہیں اور آج ملک میں پالیمنٹ سمیت تمام ادارے اور جمہوریت مضبوط ہورہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ ادروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں وہ ناکام ہوں گے کیونکہ اداروں کے استحکام سے ہی ملک مظبوط ہوگا۔انہوں نے نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کے منشور کے حق میں ووٹ دے کر ہمیں پانچ سال حکومت کرنے کا اختیار دیا ہے اس لئے آئینی مدت پوری کرنا حکومت کا آئینی اور جمہوری حق بھی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک بات بالکل واضح ہے کہ ملک میں عام انتخاات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہو ں گے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ احتجاج کی دھمکیوں سے حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرلے گا.

تو ایسا کسی صورت ممکن نہیں ہو سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ انشا ء اللہ عمران خاں بطور وزیر اعظم اپنی آئینی مدت ضرور پوری کریں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ تحریک انصاف غریب آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ”احساس پروگرام”،” نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم” اور ”انصاف صحت کارڈ” جیسے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم ملک میں کمزور طبقے کو مضبوط اور خوشحال بنارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق عوام سے کئے جانے والے تمام وعدوں کو پور کرے گی اور ملک کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں