لاہور( عکس آں لائن) وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ اپوزیشن ذہنی پستی کی نئی حدوں کو چھوتی نظر آرہی ہے، کپتان کی قیادت میں معاشی و سفارتی محاذ پر ملنے والی تاریخی کامیابیاں اپوزیشن کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے،کرپٹ اپوزیشن ٹولہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے،عوام کرپٹ اپوزیشن ٹولے کے جھانسوں سے بہت دور جاچکے۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت سے مایوسی کے چھٹتے بادل دیکھ کر اپوزیشن کی مایوسی اور بے بسی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، بلاشبہ حکومتی فیصلوں اور پالیسیز پر تعمیری تنقید اپوزیشن کا حق ہے، موجودہ اپوزیشن ذہنی پستی کی نئی حدوں کو چھوتی نظر آرہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کپتان کی قیادت میں معاشی و سفارتی محاذ پر ملنے والی تاریخی کامیابیاں اپوزیشن کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے،پاکستان کا موقف وزیراعظم عمران خان کی آواز میں دنیا بھر میں سنا جاتا ہے، کرپٹ اپوزیشن ٹولہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے،عوام کرپٹ اپوزیشن ٹولے کے جھانسوں سے بہت دور جاچکے۔