لاہور(عکس آن لائن) لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت میں 18 فروری تک توسیع کردی۔
لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتیں مسترد کرنے کی استدعا کردی۔ایف آئی اے پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہم ضمانتوں پر دلائل دینے کے لیے تیار ہیں۔شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ امجد پرویز ہائیکورٹ میں مصروف ہیں،عدالت تاریخ دے۔عدالت نے ملزمان کو ایف آئی اے کے چالان کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
ایف آئی اے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے وکلا چالان کی کاپیاں کا ابھی جائزہ لے لیں تاکہ کوئی صفحہ مسنگ کا اعتراض بعد میں نہ کیا جائے۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلا کو چالان کی کاپیاں کا جائزہ آج ہی لینے کی ہدایت کردی۔شہبازشریف نے عدالت سے قومی اسمبلی سیشن کے باعث طویل تاریخ دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ آپ حاضری کی معافی کی درخواست کردیجئے گا،عدالت جائزہ لے لے گی۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت میں 18 فروری تک توسیع کردی۔