لاہور ( عکس آن لائن) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔لاہور کی احتساب عدالت میں وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے لیگی رہنما حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے متبادل وکیل انوار حسین ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی جبکہ شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے سوال کیا کہ کیا ابھی سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت چل رہی ہے؟ ٹرائل میں سلیمان شہباز کی حاضری ضروری نہیں ان کا الگ ریفرنس فائل ہوگا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔واضح ر ہے کہ نیب کے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز سمیت 16 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔