منیبہ علی

منیبہ علی قومی اسکواڈ میں واپسی پر شاندار کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم

لاہور(عکس آن لائن )سلیکشن کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی دوکھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی قومی خواتین اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں فاسٹ بالر ایمن انور اور بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی، منیبہ علی کے نام شامل ہیں۔منیبہ علی کوقومی سہ فریقی ٹی ٹونٹی ویمنزکرکٹ چمپئنشپ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لئے قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔منیبہ علی کاکہنا ہے کہ وہ گزشتہ سال ٹیم سے ڈراپ ہونے پر مایوسی کا شکار تھیں مگر اپنی خامیوں پر قابوپاکر ایک مرتبہ پھر اسکواڈ کا حصہ بننا ان کے لیے خوشی کا سبب بنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم سے دوری کے دوران کپتان بسمہ معروف نے انہیں شاٹ سلیکشن میں بہتری اور مجموعی طور پر بردباری سے کھیلنے کی نصیحتکی جس پر عمل کرکے وہ حالیہ ایونٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہیں۔ منیبہ علی نے کہا کہ وہ قومی سہ فریقی ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے آغاز میں ہی نصف سنچری اسکور کرنے کے باعث بطور بیٹر ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ،جس سے بعدازاں کارکردگی میں نکھار آیا۔

منیبہ علی نے کہا کہ انہوں نے ورلڈکپ کے لیے انفرادی اہداف مقرر کررکھے ہیں مگر وہ ٹیم منیجمنٹ کی جانب سے ترتیب دی گئی منصوبہ بندی پر عمل کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ منیبہ علی اس سے قبل 20 بین الاقومی میچوں میں بطور اوپنر پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ باسکٹ بال، والی بال اور ہاکی بھی کھیل چکی ہیں مگروالدہ سے درخواست کرکے کرکٹ اکیڈمی جوائن کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں