اوکاڑہ (عکس آن لائن) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ منہ زور مہنگائی نے عام آدمی کی قوت کو شدید متاثر کر دیا ہے پنجاب میں لگائے گئے سہولت بازاروں میں عوام کو کوئی دلچسپی نہیں ہے، مہنگائی میں کمی لانے کے سارے حکومتی دعوے جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں ،اشیائے خورونوش کے علاوہ ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب کے لئے علاج کو نا ممکن بنا دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں پیپلز پارٹی تحصیل اوکاڑہ کے صدر رائو ایازالکریم سے ملاقات کے دوران کیا ، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ، عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں،
دھاندلی زدہ حکومت نے ڈکٹیٹر انہ انداز اختیار کیا ہوا ہے ، عمران خان نے مہنگائی بیروزگاری کی شکل میں 22کروڑ عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھادیئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو نچلے طبقے کی نمائندگی کررہی ہے پیپلز پارٹی وفاق پاکستان کی علامت اور ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے بلاول بھٹو نوجوانوں اور عوام کے آئیڈیل لیڈر ہیں بلاول بھٹو عنقریب پنجاب کے تمام اضلاع کا دورہ کریں گے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔