وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

ملک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہمارا مقصد ہے‘ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (نمائندہ عکس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہمارا مقصد ہے‘سیاسی جماعت کو عوام کا اعتماد درکار ہوتا ہے اور قوم کو وزیراعظم پر اعتماد ہے‘قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلے کے بعد امریکی ناظم الامور کو بلا کر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ‘واشنگٹن میں ہمارے سفیر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے‘اپوزیشن نے اقتدار کی خاطر ملک کے نظام کو داو پر لگایا، ضمیر خریدے اور لوگوں کی بولیاں لگائی جس کے بعد یہ سب ایک ہوگئے ہیں لیکن انکا نظریہ اور سوچ ایک نہیں ہے۔

موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شامہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کچھ فیصلے کیے گئے جس کے بعد امریکی ناظم الامور کو بلا کر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور واشنگٹن میں ہمارے سفیر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ امریکی ناظم الامور کوکہا گیا ہے کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے سے باز رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہمارا مقصد ہے اور عوام بھی موجودہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، انہیں وزیراعظم پر اعتماد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اقتدار کی خاطر ملک کے نظام کو داو¿ پر لگایا، ضمیر خریدے اور لوگوں کی بولیاں لگائی جس کے بعد یہ سب ایک ہوگئے ہیں لیکن انکا نظریہ اور سوچ ایک نہیں ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم کوئی فیس سیونگ کی بات نہیں کررہے بلکہ آئینی اور جمہوری طریقے سے مقابلہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی سیاسی میدان میں فیصلہ کیا ہے اور آگے بھی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے پیپلز پارٹی کو کوستے رہے لیکن چند مراعات کیلئے انہوں نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں