وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

ملک کی پائیدار ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی شرحِ خواندگی میں اضافہ ہے، وزیرخارجہ

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کی پائیدار ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی شرحِ خواندگی میں اضافہ ہے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ خواندگی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شرحِ خواندگی بڑھانے کی مہم کو قومی تحریک میں تبدیل کرنا ناگزیر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان کی کئی شعبوں میں کارکردگی نمایاں رہی ہے لیکن ناخواندہ افراد کی تعداد پریشان کن حد تک زیادہ ہے، غربت، بیروزگاری، عدم برداشت اور بدامنی جیسے مسائل کے پیچھے ناخواندگی بھی ایک سبب ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ہر دورِ حکومت میں تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیحات میں رکھا گیا، قائد عوام شہید بھٹو کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ اسکول اور کالجز کا قیام عمل میں آیا۔ پی پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے تعلیم کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور اعلی تعلیمی ادارے قائم کیے گئے، صوبہ سندھ کی عوامی حکومت نے پرائمری سے اعلی ثانوی تک تعلیم مفت ہے۔

وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پورے ملک میں عوام کو پرائمری سے اعلی تعلیم تک مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، شرحِ خواندگی کو 100 فیصد کیے بغیر ہم قوم کے بانی اجداد کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل اور ان کے مشن کو مکمل نہیں کرسکتے۔ عالمی یوم خواندگی ہر سال 8 ستمبر کو منایا جاتا ہے، حکومت، سول سوسائٹی اور اسٹیک ہولڈرز کے لئے یہ موقع ہے کہ وہ عالمی خواندگی کی شرح میں اضافہ کے لیے پیش رفت کریں۔ ہر سال جب آٹھ ستمبر کو عالمی یوم خواندگی منایا جاتا ہے تب عالمی یوم خواندگی کے موقع پر دنیا بھر کے ناخواندہ افراد سے متعلق چیلنجز پر غور کیا جاتا ہے، اس کے بعد سال یوں ہی گزر جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں