اسد قیصر

ملک کو درپیش بحران سے نکالنے کے لیے 23مارچ 1940ء والے جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے،اسپیکر و ڈپٹی

اسلام آباد(عکس آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان وری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش بحران سے نکالنے کے لیے 23مارچ 1940ء والے جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے،ہمیں قائد کے اتحاد یقین اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا عہد کرنا ہوگا، پاکستانی قوم ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق کردار ادا کرنا ہو گا۔یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں اسد قیصر نے کہاکہ 23مارچ کا دن برصغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے، 81سال قبل آج کے دن جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل تھا۔

انہوںنے کہاکہ آج کے دن قائدا عظم محمد علی جناح کی قیادت میں لاہور میں علیحدہ وطن کے حصول کے لیے قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی، اس قرارداد نے مسلمانوں کو نئی سمت اورسوچ عطاء کی اور تحریک آزادی کو نیا جوش اور ولولہ بخشا۔انہوں نے کہاکہ قائدا عظم محمد علی جناح نے اسلام، امن، برداشت اور انسانیت سے محبت کے اصول کو اپنا شعار بنایا، قائد اعظم کے رہنما اصولوں سے صرف مسلمانان ہند بلکہ برصغیر میں بسنے والی دیگر اقلیتیں بھی متاثر ہوئیں۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اور مقصد کے حصول سے سچی لگن انتہائی مضبوط تھی۔ انہوںنے کہاکہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے صرف سات برسوں کے قلیل عرصے میں مسلمان اپنا علیحدہ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، آج کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں قائد کے اتحاد یقین اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا عہد کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ہم مقبوضہ کشمیر کی بہن اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیری عوام غیر انسانی محاصرے میں زندگی بسر کر رہے ہیں انہوںنے کہاکہ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی قوم ہمیشہ آپ کیشانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

انہوںنے کہاکہ بھارت میں فاشسٹ نظریے پر کاربند بھارتی حکومت کی جانب اقلیتوں کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک برتا جا رہا ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ بھارت میں لاکھ مسلمانوں اور سکھوں سمیت دیگر اقلیتیں سراپہ احتجاج ہیں، بھارت میں بسنے والی اقلیتیں اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو 5اگست 2019سے دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل میں پابند سلاسل رکھا ہوا ہے، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق کردار ادا کرنا ہو گا، پاکستان کو اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی بقاء کے لئے مسلح افواج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان افواج نے ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا بھی قلع قمع کیا ہے، پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی۔ قاسم خان سوری نے کہاکہ قرارداد پاکستان نے آزادی کی تحریک میں ایک نئی روح پھونکی، قرارداد پاکستان کی روشنی میں مسلمانوں کو ایک عظیم مقصد کے حصول کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا اعزاز بخشا۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی بقاء کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت اس مملکت خداداد کی تہذیب، ثقافتی ورثے اور اقدار کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، قرار داد پاکستان کی روشنی میں ہی ملک میں معاشی اور سماجی انقلاب لانے کی بھر پور کرششیں جاری رکھی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں