لاہور (نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پی ٹی آئی دفتر میں توڑ پھوڑ پر کارکنوں نے مزاحمت کی، نذیرچوہان کی سربراہی میں دفتربند کرنے کا کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سازش کے تحت ملک پر مسلط کیے گئے، ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پولیس اور مسلح افراد کے حملے کی تمام ویڈیوز موجود ہیں، پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکار کررہی ہے جبکہ پولیس نے ہمارے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
حماد اظہر نے مزید کہا کہ ن لیگی لوٹا امیدوار نذیرچوہان نے پی ٹی آئی کے دفتر پرحملہ کیا، پولیس اہلکاروں کے ہمراہ حملے میں درجنوں کارکن زخمی ہوئے اور پی پی167 کے امیدوار کے بھتیجے کے سر میں گولی ماری گئی۔