یوم آزادی

ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا ، یوم آزادی پر پاک افواج کے جوانوں نے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے،مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوش حالی کی دعائیں کی گئیں، پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں ہوئی ،بچے بڑے سب ہی مختلف انداز میں وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا ،جشن آزادی کی مناسبت سے گلیوں اور محلوں کو جھنڈیوں اور جھنڈوں سے سجایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا قیام 14 اگست 1947 کو عمل میں آیا ، قوم ہر سال اس دن کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہے، اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، اہم عمارتوں پر چراغاں کے ساتھ قومی پرچم سربلند ہوتے ہیں، شہری بھی اپنی املاک اور گاڑیوں پر قوم پرچم آویزاں کرتے ہیں۔

جشن آزادی کی مناسبت سے گلیوں اور محلوں کو جھنڈیوں اور جھنڈوں سے سجایا گیا جبکہ بچوں سمیت تمام عمر کے لوگوں نے اپنے سینے پر بیج سجا لئے، وطن سے محبت کا اظہار پوسٹرز بنا کر بھی کیا ۔ یوم آزادی کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا،نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک میں امن، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جب کہ دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔جشن آزادی کی مناسبت سے مرکزی تقریب کنونشن سینٹراسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے قومی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر اہم سیاسی ، سفارتی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمامم کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وطن عزیز کو موجودہ بحران سے نکال کر ایک مرتبہ پھر عالمی برادری میں اپنا کھویا مقام بحال کریں گے۔ یوم آزادی کے موقع پر پاک افواج کے جوانوں نے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں