کرونا وائرس

ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ، این سی او سی

اسلام آباد( عکس آن لائن) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، گزشتہ 4 روز کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ صوبائی چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک این سی او سی کو بریفنگ دی جبکہ وزارت قومی صحت حکام نے بھی اعداد و شمار پر بریفنگ دی۔ حکام قومی صحت نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 5 روز سے مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، 4 روز کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مثبت کرونا کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے.

جبکہ کرونا وائرس مریضوں کے اسپتال میں داخلے کی شرح میں بھی اضافہ جاری ہے۔ حکام قومی صحت کے مطابق کراچی، حیدر آباد، مظفر آباد اور گلگت میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب کے اسپتالوں میں بھی کرونا وائرس مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ چیف سیکریٹری پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں کرونا وائرس سے شرح اموات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 0.92 فیصد سے 1.33 فیصد ہوچکی ہے۔ پنجاب میں یکم ستمبر کو کرونا وائرس کی شرح اموات 1.6 فیصد تھی جو اب 6 فیصد ہوچکی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دنیا بھر میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 2.72 فیصد ہے، پاکستان میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 2.06 فیصد ہے، ملک میں کرونا وائرس سے مرنے والے 71 فیصد مرد ہیں، مرنے والے 76 فیصد مریض 50 سال سے زائد عمر کے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں