سیلاب

ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 300 بچوں سمیت900 سے زائد افراد جاں بحق

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) سندھ اور بلوچستان اور پنجاب سمیت ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی۔ حالیہ بارشوں میں اب تک 300 بچوں سمیت900 سے زائد اموات ہوچکیں۔لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے،ہزاروں ایکڑ فصلیں اجڑ گئیں۔ سڑکیں بہہ گئیں، شہروں اور صوبوں کا آپس میں رابطہ کٹ گیا۔ این ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلاب کے باعث 14 جون سے اب تک ہونے والے نقصانات کے اعدادو شمار جاری کردیے۔این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں 14جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب سے 903افراد جاں بحق ہوئے۔سیلاب سے ایک ہزار293افراد زخمی ہوئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے بلوچستان میں 230 افراد جاں بحق ہوئے۔سندھ 293افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ پنجاب میں 164افراد لقمہ اجل بنے۔ آزاد کشمیر میں سیلاب اوربارشوں سے 37افراد جاں بحق ہوئے۔گلگت بلتستان میں 9افراد سیلاب کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے4لاکھ 95ہزار259مکانات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا۔بلوچستان میں 26ہزار 897 مکانات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا۔ خیبر پختونخوا میں 15 ہزار117مکانات سیلاب اوربارشوں میں بہہ گئے۔پنجاب میں 84ہزار106مکانات متاثر ہوئے۔سندھ میں 3لاکھ 68ہزار233مکانات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں سیلاب اوربارشوں سے 7لاکھ 8ہزار 98مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے 710کلومیٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں۔ سندھ میں 2ہزار281اعشاریہ 5 کلو میٹر شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں۔پنجاب 37،خیبر پختونخوا 6اعشاریہ 5اور گلگت بلتستان میں 2کلومیٹر شاہراہیں بہہ گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں