ملتان سلطانز

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور (عکس آن لائن) ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے22ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو9وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز نے 92 رنز کا ہدف14 گیندیں قبل محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کا آغازمقررہ وقت سے تقریباََ 2:15 گھنٹے تاخیر سی ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کے باعث 9اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر کولن منرو کے علاوہ کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ اوپنر لیوک رونکی 18 کیانفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس پہنچے تو کولن منرو نے کپتان شاداب خان کے ہمراہ31 رنز کی شراکت قائم کی جو اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کی سب سے طویل شراکت داری تھی۔ کولن منرو 25اور شاداب خان 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر عمران طاہر نے آؤٹ کیا۔ابتدائی تین بلے بازوں کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بلے باز بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکااور مقررہ 9 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز ہی بنائے جاسکے۔

کولن انگرام 6، آصف علی 4، رضوان حسین7اور عماد بٹ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔عمران طاہر اور جنید خان نے 2،2 جبکہ معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرجیمز ونس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 20 گیندوں پر نصف سنچری بناکر میچ میں گرفت مضبوط کرلی۔ انہوں نے ذیشان اشرف کے ہمراہ 68رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ذیشان اشرف16رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے معین علی نے جیمز ونس کے ہمراہ 26 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔

جیمز ونس 61 اور معین علی 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف ساتویں اوور کی چوتھی گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر جیمز ونس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ملتان سلطانز کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں ایک روز آرام کے بعد10 مارچ بروز منگل کولاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں شام 7 بجیقذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں