مقبوضہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں جاری ظلم و بربریت کے حوالے سے آواز اٹھانے کیلئے او آئی سی ایک مناسب فورم ہے،وزیر خارجہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری ظلم و بربریت کے حوالے سے آواز اٹھانے کیلئے او آئی سی ایک مناسب فورم ہے،ٹھوس شواہد پرمشتمل ایک ڈوزئیربھی پیش کرچکے ہیں کہ کس طرح ہندوستان دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے،3 روز کی کانفرنس میں او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی اہم نشست ہو گی، کانفرنس میں امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نائجرمیں منعقد ہونے والی اوآئی سی کونسل آف فارن منسٹرز (CFM) کے سہ روزہ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے اہم ویڈیو پیغام میں کہا کہ اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کے اس سہ روزہ اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ، مجھے بہت سے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کرنے اوراہم امورپرپاکستان کا موقف پیش کرنے کا موقع بھی میسرآئیگا۔ پاکستان نے کچھ قراردادیں مرتب کی ہیں جنہیں اس اجلاس میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے اس سہ روزہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیراورفلسطین کی صورتحال کے حوالے سے دیگروزرائے خارجہ کے ساتھ تبادلہ خیال کا موقع میسرآئے گا۔

میں اوآئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کا شکرگزارہوں، مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پران کا بھی بہت واضح موقف سامنے آتا رہا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی بہت سی قراردادیں موجود ہیں۔ انہیں کشمیرکی تازہ صورتحال سے آگاہ کرنا، میرے فرائض میں شامل ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری ظلم و بربریت کے حوالے سے آواز اٹھانے کیلئے یہ ایک مناسب فورم ہے، جس طرح کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بڑھتا چلا جا رہا ہے اس حوالے سے ہم ،

پچھلے دنوں ٹھوس شواہد پرمشتمل ایک ڈوزئیربھی پیش کرچکے ہیں کہ کس طرح ہندوستان دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے۔اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمان تذبذب کا شکارہیں، پاکستان کا اس حوالے سے بہت واضح اور ٹھوس موقف رہا ہے۔ اس اجلاس میں امریکا اورمشرق وسطیٰ سمیت عالمی منظر نامے میں وقوع پذیر ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے گفتگو کرنے اورپاکستان کا موقف پیش کرنے کا موقع میسرآئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں