روس

مغرب جان لے حملہ کی صورت میں نشان عبرت بنا دیں گے، روس کا انتباہ

ماسکو(عکس آن لائن) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے حملہ کیا تو روس انھیں نشان عبرت بنا دے گا،امریکا اور کچھ یورپی ممالک نے روس کی ترقی و پیش رفت کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں دگنی کر دی ہیں، امریکا و مغرب کے پاس نئی پابندیوں کی کوئی حقیقی وجہ نہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی خود مختار خارجہ پالیسی پر امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے ناراضگی کے اظہار سمیت مختلف اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں جن پر روس نے انھیں تنبیہہ کر دی ہے۔

وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس کی آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے مغربی ممالک ناراض ہیں اور ماسکو کو سزا دینا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا امریکا اور کچھ یورپی ممالک نے روس کی ترقی و پیش رفت کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں دگنی کر دی ہیں۔

سرگئی لاروف کا کہنا تھا مغربی ممالک اپنے روس مخالف اقدامات اور نئی پابندیوں کو جائز ٹھہرانے کے لیے نئی الزام تراشیاں کر رہے ہیں، ان کے پاس اس کی کوئی حقیقی وجہ بھی نہیں ہے۔روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ اگر روس پر کوئی حملہ کیا گیا تو ماسکو انھیں نشان عبرت بنا دے گا۔

واضح رہے کہ روس پر امریکی انتخابات میں مداخلت کا بھی الزام مسلسل لگ رہا ہے جب کہ روسی حکومت کے ایک مخالف لیڈر کے زہر خورانی کے واقعے پر بھی روس کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ادھر ایک ہفتہ قبل امریکی قومی سلامتی کی ایجنسی(این ایس اے)اور سی آئی اے کے سابق کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس میں مستقل رہائشی اجازت نامہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں