ہمایوں اختر خان

معیشت کی ڈوبتی نبض کو بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے ،ہرآنےوالا سال گزر تے ہوئے سال سے بہتر ہوگا ‘ ہمایوں اختر

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان مارچ اور دھرنے کی ناکامی کے بعد دوبارہ اے پی سی پر آ گئے ہیں جس سے واضح ہے کہ اقتدار سے دوری انہیں کتنا بے چین کئے ہوئے ہے ،اپوزیشن کے اکٹھ کا صرف دو رکنی ایجنڈا کرپشن اور اپنی سیاست بچاﺅ ہوتا ہے ، ہم نہیں چاہتے کہ اپوزیشن آئندہ عام انتخابات میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو لیکن یہ خود اسی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماﺅں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر امریکی عہدیدار کے بیان پر پاکستان اور چین کی جانب سے رد عمل ظاہر کر دیا گیا ہے ۔پاکستان میں ساز گار ماہول کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے جس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کو جاتاہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جاتے ہوئے معیشت کے ساتھ ایسا کھلواڑ کیا تاکہ آنے والی حکومت مشکلات سے باہر نہ آ سکے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اپنے عزم اور دور اندیشی سے پاکستان کوخطرات سے باہر نکالا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ مہنگائی ہے اور اس کے تدارک کےلئے اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں ، عوام کا استحصال کرنے والوں کو گرفت میں لانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔سابقہ حکمرانوں نے جو بیگاڑ پیدا کئے ہیں انہیں راتوں رات نہیں ٹھیک کیا جا سکتا لیکن وزیر اعظم عمران خان ایک پل کے لئے بھی غافل نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معیشت کی ڈوبتی نبض کو بحال کرنا تھا جس میں ہم کامیاب ہو گئے ہیں اور اب مرحلہ وارآگے بڑھ رہے ہیں، انشا اللہ ہر آنے والا سال گزرے ہوئے سال سے بہتر ہوگا اور عوام اپنی زندگیوں میں واضح تبدیلی اور بہتری محسوس کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں