شیخ رشید احمد

معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں ، دوستی نبھاؤں گا، ٹکٹوں کی تقسیم پر شیخ رشید کا اظہار ناراضگی

راولپنڈی (عکس آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر شیخ رشید عام انتخابات 2024 کے لیے اپنے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو ٹکٹ ملنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں لیکن دوستی نبھاؤں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مجھے دکھ اس بات کا ہے کہ جو شخص 17 مرتبہ وزیر رہا اس کو بعض افراد نے ٹکٹ دینے کے قابل ہی نہیں سمجھا، ایسے لوگوں کو ٹکٹ ملا جو رات کی فلائٹ سے لندن اور امریکا سے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں لیکن میں اپنی دوستی نبھاؤں گا، قوم کو قلم دوات پر مہر لگا کر ان امریکی ایجنٹوں کو ناکام بنانا ہوگا، ہمیں بتانا ہوگا کہ یہ قوم زندہ ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ میں نے گزشتہ 6،7 ماہ میں جو تکلیفیں اٹھائیں ہیں اس کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا، یہ چاہتے تھے ایک شخص اور اس کے خاندان کے خلاف بیان دوں، میرے گھر ٹوٹ گئے، میری بہنوں، بھتیجوں اور خاندان کے ہر فرد کے ساتھ زیادتی ہوئی لیکن میں اصولی آدمی ہوں، میں اصلی اور نسلی تھا اس وقت بھی ڈٹا رہا آئندہ بھی ڈٹا رہوں گا، میں سچ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا۔شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ میں جان دے دوں گا لیکن پنڈی اور اپنی دوستی پر حرف نہیں آنے دوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں