لاہور(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حزب اختلاف
پاکستان کی تاریخ کی سب سے ذمہ دار حزب اختلاف ہے اورانتہائی تعمیری انداز میں اپنا کردارادا کررہی ہے، عوام سے کئے
ہوئے وعدوں پر حکومت کا احتساب کررہے ہیں ،عوام کی آواز ہر فورم پر اجاگر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئیین ٹرنر کے ساتھ وڈیو کانفرنس کا انعقادکے دوران کیا ۔
رابطے میںسماجی شعبے کی ترقی اور مختلف ترقیاتی پروگرامز کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر پولیٹیکل قونصلر
محترمہ ایونا تھامس بھی موجود تھیں ۔شہباز شریف نے پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں تعلیم و صحت اور دیگر سماجی
فلاح و بہبود سے متعلق پروگراموں میں برطانیہ کے مالی اور تکنیکی تعاون کی فراہمی کو سراہا ،ڈیفیڈ نے عوام کو قابل قدر
معاونت فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی اورباہمی تعاون واحترام پر مبنی تعلقات استوار ہیں
،برطانیہ نے پاکستان میں جمہوریت، عوام کے حقوق اور ترقی وبہتری کے لئے تعاون کیا ہے ،دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح
پر یہ تعلقات نہایت اہمیت رکھتے ہیں ،عالمی علاقائی امن و ترقی اور مشترکہ عالمی اقتدار کے فروغ میں دونوں ممالک اہم شراکت دار
ثابت ہو سکتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ ڈیفیڈاور پنجاب حکومت نے ان کے دور میں انتہائی شفاف انداز میں عوام کی فلاح و بہبود کے
لئے منصوبے مکمل کیے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ اپوزیشن پاکستان کی تاریخ کی سب سے ذمہ دار حزب اختلاف ہے اورانتہائی
تعمیری انداز میں اپنا کردارادا کررہی ہے، عوام سے کئے ہوئے وعدوں پر حکومت کا احتساب کررہے ہیں،حکومت کی
اچھی کارکردگی، خوشحالی اور عوام کی سماجی بہتری حکومت کی اولین ذمہ داری اور ترجیح ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا
کہ معاشی چیلنجز بہت تشویشناک ہیں، اپوزیشن عوام کی آواز ہر فورم پر اجاگر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرتی رہے گی ۔
شہباز شریف اورڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے لوکل گورنمنٹ، کورونا، عالمی معاشی وعلاقائی صورتحال اور فاٹف کے امور پر
بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں پاکستان نے دہشتگردی کے عفریت کو
کامیابی سے شکست دی ،توانائی کی قلت کے مسئلہ کو حل کیا، تاریخی ترقی وخوشحالی کے منصوبہ جات شروع کئے ،
یہ وقت تصادم اور ٹکراو کا نہیں بلکہ تعاون سے آگے بڑھنے کا ہے،۔رابطے میں دونوں شخصیات نے ملاقات پر اتفاق کیا ۔
برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے وزیراعلی پنجاب کے طور پر شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ
شریف نے وزیر اعلی کے طور پر بڑی جانفشانی، تندہی اور فعال کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ا نہوں نے کہا کہ ڈیفید اور برطانوی
معاونت کے منصوبے شفاف اور بہترین نظام الاوقات میں کامیابی سے مکمل ہوئے۔کورونا وبا سمیت اس وقت درپیش تمام چیلنجز
کے باوجود برطانیہ ڈیفیڈ کے تحت پاکستان میں مختلف ترقیاتی پروگرامز کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ : برطانوی ہائی
کمشنرترقی، تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح کے مشترکہ مقاصد کے منصوبہ جات برطانیہ اور پاکستان کی باہمی شراکت داری
کے مظہر ہیں،پاکستان اور برطانیہ باہمی اعتماد، تعاون اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لئے کوشاں رہیں گے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی صحت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔۔