خادم حسین

معاشی استحکام کیلئے وزیراعظم تاجروں کی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں’خادم حسین

لاہور(عکس آن لائن) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کیلئے وزیراعظم تاجروں کی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں وزیراعظم ایک تجربہ کار شخص ہیں اور مسائل کا ادراک رکھتے ہیں امید ہے کہ معاشی مسائل کے حل کیلئے بزنس کمیونٹی کی توقعات پر پورا اتریں گے بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیز کو از سر نو مرتب کرنا ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 35ارب ڈالر ہوگیا ہے پاکستانی معیشت تجارتی خسارے کی موجودہ سطح کو برداشت نہیں کرسکتی ۔تجارتی خسارہ30جون 2023تک50ارب ڈالر تک جانے کا خدشہ ہے اس لیے معیشت میں بہتری لانے کیلئے جلد مشاورت کے عمل کو تیز کیا جائے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ پائیدار معیشت کیلئے بڑا وقت درکار ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم بغیر کسی تاخیر کے آج سے ہی پیش رفت کریں امید ہے کہ وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گی اور تجارت اور معیشت سے متعلق پالیسیاں بناتے وقت اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ ان پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آسکیں ۔اس سال امپورٹ میں اضافے کی شرح برآمدات میں اضافہ کی شرح سے دوگنی رہی ہے اس لیے پرتعیش اشیائے کی امپورٹ کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں