لاہور( عکس آن لائن)سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ معاشرے میں ابتری کی صورتحال کی بنیادی وجہ عدم برداشت اور مساوات کا نہ ہونا ہے ، ان مسائل کو حل کر کے ہم مہذب معاشروں کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کی تربیت پر توجہ مرکوز کی جائے ۔
ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری زندگی کا فلسفہ ہے کہ آپ کو جتنی محبتیں ملیں آپ انہیں تقسیم کریں جس سے نہ صرف آپ کو دوگنا محبتیں ملتی ہیں بلکہ نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔میرے دوستوں کا ایک بڑا حلقہ موجود ہے جس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم سب ایک دوسرے سے انتہائی محبت ، خلاق اور ادب سے پیش آتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برداشت کو پروان چڑھانے کے لئے ہمیں دلیل سے بات اور ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے فن کی دنیا میں کئی دہائیاں گزار دی ہیں اور ہر طرح کے کردار نبھائے ہیں ، میرے خیال میں ساری خواہشیں پوری ہو چکی ہیں ۔