256

مصطفی کمال کا بیان شہر کا امن خراب کرنے کی سازش ہے،میئر کراچی

کراچی (عکس آن لائن) میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم میں پذیرائی نہ ملنے پر مصطفی کمال سیخ پا ہیں، ان کا بیان شہر میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی سازش ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے مصطفی کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مصطفی کمال کا بیان شہر میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی سازش ہے، شہر میں لاقانونیت اور امن تباہ کرنے کے حوالے سے آپ کا ماضی داغدار ہے، ایم کیو ایم میں پزیرائی نہ ملنے پر مصطفی کمال سیخ پا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو سب یاد ہے کہ کون یہاں شہریوں کی زندگیوں سے کھیلتا تھا، ایم کیو ایم کراچی کا امن سبوتاژ کرنا چاہتی ہے، سیاست میں دہشتگردی کون کرنا چاہتا ہے سب کو معلوم ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہر انسان کی جان قیمتی ہے اور اگر کوئی قتل ہوا ہے تو تحقیقات ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم نے جمہوریت کو بچانے کے لیے شہید بی بی کو کھویا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ 8 فروری کے بعد چھینا جھپٹی کی سیاست کا اعلان مصطفی کمال کو زیب نہیں دیتا، 2018 میں وزیر اعظم اور وزیر اعلی بھی یہی صاحب اپنی جماعت سے منتخب کروارہے تھے، صفر جمع صفر، صفر ہی رہتا ہے، چاہے کچھ بھی کرلیا جائے لہذا مصطفی کمال شرانگیزی نہ پھیلائیں، شہر ایسی کسی بھی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایم کیو ایم قیادت مصطفی کمال کے شرانگیز بیان کا نوٹس لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں