ایلون مسک

مسک کیساتھ پیش آئے خوفناک حادثے کی تفصیلات سامنے آگئیں

نیویارک(عکس آن لائن)دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے ساتھ پیش آئے خوفناک حادثے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف کی جانب سے ایلون مسک کے ایک پرانے انٹرویو کا ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا ۔اس ویڈیو میں انٹرویو کے دوران ایلون مسک کو اپنے ساتھ بچپن میں پیش آئے ایک خوفناک حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایلون مسک نے بتایا کہ جب میں 6 سال کا تھا تو ایک بار دوپہر کے وقت مجھے میرے کزنز کے ساتھ کھیلنے جانے سے روکنے کے لیے ایک جگہ بند کردیا گیا تھا مگر میں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی آیا سے بچ کر گھر سے نکل گیا اور پورا شہر گھومنا شروع کردیا۔انہوں نے بتایا کہ میں اس وقت بہت چھوٹا تھا اور تب روڈ سائنز مجھے بالکل سمجھ نہیں آتے تھے تو اس وقت یوں گھر سے نکل جانا ایک احمقانہ حرکت تھی۔

ایلون مسک نے کہا کہ میرے ساتھ کچھ بھی خوفناک ہو سکتا تھا، مجھے اغوا بھی کیا جا سکتا تھا لیکن ان خطرات کے باوجود بھی میں اپنے کزنز کے ساتھ کھیلنے کے لیے پرعزم تھا۔انہوں نے بتایا کہ میری اس حرکت کی وجہ سے والدہ بہت خوفزدہ ہوگئیں تھیں لیکن انہوں نے مجھے سزا نہیں دی تھی۔

ایلون مسک کی والدہ مئے مسک نے صارف کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اس ویڈیو کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے آج بھی یہ واقعہ اچھی طرح یاد ہے، میرے خیال میں ایلون مسک اس وقت 5 سال کے تھے کیونکہ اس وقت وہ روڈ سائنز نہیں سمجھ سکتے تھے۔

انہوں نے لکھا کہ ہم اب بھی حیران ہیں کہ اتنی چھوٹی عمر میں ایلون مسک نے سڑکوں کو کیسے پار کیا اور کسی نے انہیں روکنے کی کوشش بھی نہیں کی، یہ بہت خوفناک واقعہ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں