مسرت جمشیدچیمہ

مسلم لیگ (ن) ذاتی مفادات اور مودی کو خوش کرنے کیلئے ہر حد عبور کرناچاہتی ہے’مسرت جمشیدچیمہ

لاہور(عکس آن لائن )چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کورونا وباء پھیلنے کی واضح تنبیہ کے باوجود کارکنوں کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے بھی گریز نہیں کر رہی ،مسلم لیگ (ن) اپنے ذاتی مفادات اور نریندر مودی کو خوش کرنے کیلئے ہر حد عبور کرناچاہتی ہے ،کارکنان شعور کامظاہرہ کریں اوراپوزیشن قیادت کے مفادات کیلئے اپنے اور اپنے اہل خانہ کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے جس کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی بے چینی بھی بڑھ رہی ہے ۔اپوزیشن والے اپنے گھر وںمیں ہونے والی تقریبات میں آنے والوںسے تو کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہتے ہیں لیکن اپنی مفادات کیلئے کارکنان کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوںکے کارکنوںسے درخواست ہے کہ کورونا وباء کی دوسری لہر کے پھیلائو کو روکنے میں پاکستانی اپنا کردار ادا کریں ، حکومت نے اپوزیشن کی سرگرمیوں میں کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی لیکن موجودہ حالات میں اپوزیشن کو کورونا وباء پھیلنے کی تنبیہ پر جلسوںکو موخرکر دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک ویسے بھی ناکامی کے ساتھ اپنے اختتامی مرحلے کی جانب گامزن ہے اس لئے مزید ناکامیاں سمیٹنے اور ہلکان ہونے کی بجائے گھروں میں آرام کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں