عون چوہدری

مذہب کے لبادے میں ملک کے وزیراعظم سے بڑے بڑے فیصلے کرائے گئے’ عون چوہدری

راولپنڈی (عکس آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے گواہ عون چوہدری نے کہا ہے کہ کیا لیڈر ایسے ہوتے ہیں، ملک کے ساتھ مذاق کیا گیا، خوابوں پر ملک کے فیصلے ہوتے تھے،

بانی چیئرمین پی ٹی ائی کا جن محترمہ سے نکاح ہوا وہ خود کو مذہب کے لبادے میں اوڑھے بیٹھی ہیں، مذہب کے لبادے میں ملک کے وزیراعظم سے بڑے بڑے فیصلے کرائے گئے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ عدت میں نکاح سے متعلق کیس میں جج کے سامنے جو بیان دیا وہ بالکل سچ پر مبنی ہے، میں اس نکاح کا گواہ تھا،

یہ نکاح عدت کے دوران ہوا اور یہ ثابت ہوا کہ عدت پوری نہیں ہوئی تھی۔عون چوہدری نے کہا کہ جج کے سامنے مفتی سعید نے اقرار کیا کہ ان کے علم میں عدت کا معاملہ نہیں لایا گیا، خود کو پارٹی کا لیڈر کہلاتے ہیں اور اپنی زندگی کے فیصلے جھوٹ پر کرتے ہیں، لوگوں کو درس دیتے ہیں اور نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں، بچوں کو کیا سبق مل رہا ہے، جھوٹ پر مبنی نکاح پر خود کو اتنا بڑا لیڈر سمجھتے ہیں۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا جن محترمہ سے نکاح ہوا وہ خود کو مذہب کے لبادے میں اوڑھے بیٹھی ہیں، مذہب کے لبادے میں ملک کے وزیراعظم سے بڑے بڑے فیصلے کرائے گئے، ملک کے ساتھ مذاق کیا گیا، خوابوں پر ملک کے فیصلے ہوتے تھے، خواب کے پیچھے درحقیقت فراڈیوں کا جوڑا فرح گوگی اور جمیل گجر تھے، خواب کی تعبیر یہ ہوتی تھی کہ کسی کو وزیر لگا دیں، بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہو جائیں۔

انہوںنے کہا کہ یہ تھا پاکستان کے ساتھ گھنائونا مذاق جو آج پورا ملک بھگت رہا ہے، خواب کے پیچھے ملک کے بڑے بڑے فیصلے کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے وزیراعظم ہوتے ہوئے توشہ خانہ میں چوری کی، شرم کی بات ہے کہ سابق وزیراعظم پر چوری ثابت ہوئی، آپ دوسروں کو چور چور کہتے رہے اور خود ہی چور نکلے،

آپ کی بیگم نے قیمتی تحائف بیچے، آپ تحفے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے نہیں بیچتے، آپ نے ملک کے ساتھ وہ کیا جو شاید دشمن بھی نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ سائفر کے معاملے پر آپ نے ملک سے مذاق کیا جس کی سزا بھگت رہے ہیں، ہمیں اپنی ذات کیلئے نوجوانوں کو بغاوت کیلئے نہیں اکسانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں