عمران خان

مخالفین کا ٹولہ عوام کے نمائندوں کاضمیر خریدرہا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ عکس )وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ 27 مارچ کو پوری قوم باہر نکلے تاکہ آئندہ کوئی بھی ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ کر سکے ،قرآن پاک میں اللہ تعالی مسلمانوں کو کہتے ہیں کہ تم نے اچھائی کے ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑے ہونا ہے، آج ڈاکوں کا ٹولہ عوامی نمائندوں کے ضمیر کی قیمتیں لگا کر انہیں کھلے عام خرید رہا ہے ۔ جمعرات کو وزیراعظم ِپاکستان عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام سرکاری ٹی وی سے نشر کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قوم کے نام جاری کیا گیا ویڈیو پیغام 1 منٹ 29 سیکنڈ پر محیط تھا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا قرآن میں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم ہے، اللہ تعالی مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ مسلمانوں تم نے اچھائی کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، معاشرہ اسی طرح زندہ رہتا ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ 30 سال سے اس ملک کو ڈاکوں کا ٹولہ لوٹ رہا ہے۔ یہ ٹولہ عوام کے نمائندوں کے ضمیروں کو خرید رہا ہے۔

عوام کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ پوری قوم 27 مارچ کو برائی کے خلاف میرے ساتھ نکلے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں جو جمہوریت اور عوام کیخلاف جرم ہو رہا ہے، قوم اس کے خلاف ہے۔ صرف ایک پیغام دیں کہ ہم بدی کے ساتھ نہیں اس کے خلاف ہیں، تاکہ آگے سے کسی کی جرات نہیں ہونی چاہیے کہ اس طرح قوم کو نقصان پہنچائے

اپنا تبصرہ بھیجیں