فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے بیکار و ناقابل کاشت زمینوں کو قابل کاشت بنا کر کسانوں کو بھاری مالی فائدہ پہنچانے کے منصوبہ کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت زرعی ماہرین کی جانب سے بھاری آمدن فارمولا بھی ترتیب دے دیا گیا ہے جس کا مقصد بیکار زمین کو قابل کاشت بنا کر کسان کو مالی فائدہ پہنچانا ہے۔
محکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ اس فارمولے کے تحت پنجاب میں جہاں گندم کی کاشت نہیں ہو سکتی وہاں سورج مکھی کی کاشت کر کے کسان بھاری منافع کما سکتے ہیں جس کیلئے محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی کاشت پر سبسڈی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت پرسبسڈی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت نہ ہونے والی اراضی پر ابھی سے سورج مکھی کی کاشت کے لیے زمین کی تیاری شروع کر دی جائے تاکہ آئندہ ماہ سورج مکھی کی کاشت کو ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سرسوں، توریا، اور کینولا کی اقسام پر اگر تیلہ یا لشکری سنڈی وغیرہ کا حملہ نظر آئے تو محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے زہر پاشی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی بہتر کاشت کے لیے زمین کی تیاری بہت اہمیت کی حامل ہے اسلئے کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کے لیے پوری گہرائی تک ہل چلائیں۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی کاشت سے کسان بھاری منافع حاصل کر سکتا ہے۔