لاہور (عکس آن لائن) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسو ہیرو نے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاحت، میوزیم کی بحالی، آٹوانڈسٹریز، واٹر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں جائیکا (جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی)کے تعاون سے جاری پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو مزید سہولتیں دینے کے لئے جاپان کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں، جاپان کے تعاون سے ٹیکسلا میوزیم کے ساتھ لاہور میوزیم کو بھی اپ لفٹ کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جاپان کا آٹو انڈسٹری میں اپنا علیحدہ مقام ہے، الیکٹرک موٹر بائیکس کے حوالے سے جاپانی تعاون چاہتے ہیں، پنجاب کی ڈویلپمنٹ کیلئے جاپان کے تکنیکی تعاون کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی میں جاپان کی مہارت مسلمہ ہے۔ جاپانی سفیر نے وزیراعلی پنجاب کو تکنیکی معاونت کے لئے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ میوزیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔
صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عامر میر، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری وزیراعلی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، اس کے علاوہ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل عامر شیرازی اور فرسٹ سیکرٹری و ہیڈ آف پولیٹیکل سیکشن نابوکونی شنوہارا نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔