متھیرا

متھیرا کا ملالہ یوسف زئی کے شادی کے بیان پر رد عمل

کراچی (عکس آن لائن)ماڈل، اداکارہ و میزبان متھیرا نے ملالہ یوسف زئی کی جانب سے فیشن میگزین ’ووگ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کے شادی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے شادی کو ایک خوبصورت احساس قرار دیا ہے۔نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن نے ووگ میگزین کو حال ہی میں انٹرویو دیا تھا، وہ میگزین کے آئندہ ماہ کے شمارے کی سرورق کی زینت بنیں گی۔ملالہ یوسف زئی نے انٹرویو میں ان کہی باتوں پر کھل کر گفتگو کی تھی اور انہوں نے شادی سے متعلق بھی کہا تھا کہ اگر کسی شخص کو دوسرے شخص کا ساتھ چاہیے تو اس کے لازمی نہیں ہے کہ شادی کے کاغذات (نکاح نامے) پر دستخط کیے جائیں۔ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ بچے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ملالہ یوسف زئی کے مذکورہ بیان کے بعد متھیرا نے ان کے بیان کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے شادی اور نکاح کو خوبصورت احساس قرار دیا۔

متھیرا نے ملالہ یوسف زئی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں نئی نسل کو شادی اور خصوصی طور نکاح کی ترغٰیب دینی چاہیے، کیوں کہ یہ سنت بھی ہے۔اداکارہ نے لکھا کہ شادی کے لیے کاغذات پر دستخط کرنے کا معاملہ پلاٹ کی خریداری کی طرح نہیں ہے بلکہ یہ نئی زندگی کا درست انداز میں آغاز اور خوس قسمتی کا راستہ ہے۔متھیرا نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ زبردستی شادی کروانا غلط ہے، شادی کے بعد تشدد بھی غلط ہے، کم عمری کی شادی بھی غلط ہے مگر نکاح کرنا خوش قسمتی اور بہت ہی پیارا احساس ہے۔ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ اگر کوئی کسی کو اپنی زندگی کا ساتھی منتخب کرتا ہے تو بہت ہی اچھی بات ہے مگر اس کے لیے نکاح کرنا اس رشتے کو مزید خوبصورت بنا دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں